Gastroenteritis (Arabic) – التهاب المعدة والأمعاء (عدوى الجهاز الهضمي)

  • English

    اہم نقاط
    Key points

    • گیسٹرو اینٹرائٹس (گیسٹرو) معدے اور آنتوں کا انفیکشن ہے۔
    • یہ الٹیوں، بخار اور دستوں (پتلا، پانی جیسا پاخانہ) کا سبب بنتا ہے۔
    • گیسٹرو میں مبتلا بچے کی دیکھ بھال میں سب سے اہم یہ یقینی بنانا ہے کہ وہ پینے کی چیزیں کافی مقدار میں لیتا رہے۔ اپنے بچے کو بار بار تھوڑی مقدار میں پینے کی چیزیں دینے کی کوشش کریں۔
    • گیسٹرو بہت متعدّی ہے (آسانی سے پھیلتا ہے)؛ اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اچھا حفظان صحت اپنانا اہم ہے۔
    • اپنے بچے میں پانی کی کمی کی علامات پر نظر رکھیں جیسے بچہ کم نیپیز گیلے کر رہا ہو یا کافی اکثر ٹائلٹ نہ جاتا ہو، اس کا پیشاب گہرا پیلا یا بھورا ہو، یا ہونٹ اور منہ خشک ہوں۔ اگر آپ کو فکر ہو تو ڈاکٹر سے بات کریں۔

    گیسٹرو سے کیا مراد ہے؟
    What is gastro

    گیسٹرو اینٹرائٹس (گیسٹرو) معدے اور آنتوں کا انفیکشن ہے۔ زیادہ تر کیسوں میں گیسٹرو الٹیوں کے ساتھ شروع ہوتا ہے اور پھر دست لگ جاتے ہیں (پتلا، پانی جیسا پاخانہ)۔ الٹیاں عام طور پر جلد ٹھیک ہو جاتی ہیں لیکن دست 10 دن تک رہ سکتے ہیں۔

    بہت سے جراثیم گیسٹرو کا سبب بن سکتے ہیں لیکن عام ترین سبب وائرس ہے۔

    گیسٹرو بہت آسانی سے پھیلتا ہے اور شیر خوار اور چھوٹے بچوں میں زیادہ عام اور شدید ہوتا ہے۔

    گیسٹرو کے آثار اور علامات
    Signs and symptoms of gastro

    اگر بچے کو گیسٹرو ہو تو ممکن ہے:

    • اس کی طبیعت خراب ہو اور وہ کھانا پینا نہ چاہتا ہو
    • اسے پہلے 24 سے 48 گھنٹوں میں الٹیاں آئیں
    • اسے دست آئیں
    • وقفے وقفے سے پیٹ میں بل پڑ کر درد ہو
    • بچے کو بخار ہو۔

    انفیکشن کے پہلے چند دن عام طور پر بہت مشکل ہوتے ہیں - خاص طور پر اگر بچے کو الٹیاں آ رہی ہوں تو۔

    کچھ بچوں کے لیے جسم میں پانی کی کمی کا زیادہ احتمال ہوتا ہے۔ ان بچوں میں یہ شامل ہیں:

    • چھ ماہ سے کم عمر کے بچے
    • صحت کے دیرینہ مسائل رکھنے والے جیسے آنتوں کی دائمی بیماری یا گردے کی بیماری میں مبتلا لوگ۔

    گھر میں گیسٹرو کی دیکھ بھال
    How to care for gastro at home

    بدقسمتی سے گیسٹرو کے علاج کے لیے کوئی دوائی موجود نہیں ہے۔ الٹیاں اور دست کم کرنے والی جو دوائیاں نسخے کے بغیر ملتی ہیں، وہ بچوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں۔ اگر بچے کو شدید متلی اور الٹیاں ہوں تو ڈاکٹر اسے آرام دلانے کے لیے ondansetron لکھ کر دے سکتا ہے۔

    گھر میں گیسٹرو کو سنبھالنے کے لیے سب سے اہم مشروبات پینا ہے لیکن جب بچے کو الٹیاں آ رہی ہوں اور وہ پینا نہ چاہتا ہو تو اسے کافی مقدار میں مشروبات پلانا مشکل ہو سکتا ہے۔ اپنے بچے کو بار بار تھوڑی مقدار میں پینے کی چیزیں دینے کی کوشش کریں – چاہے اسے الٹیاں آ رہی ہوں۔ بچے کو پینے کی چیزیں دینے سے پانی کی کمی پوری ہو سکے گی جو الٹیوں اور دستوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔

    چھ ماہ سے کم عمر بچوں کی دیکھ بھال
    Caring for infants under six months

    چھ ماہ سے کم عمر کے بچوں کے لیے جسم میں پانی کی کمی کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے، اس لیے اگر ان میں گیسٹرو کی علامات ظاہر ہوں تو آپ کو انہیں ڈاکٹر یا معالج کے پاس لے جانا چاہیے۔

    • اگر بچہ ماں کا دودھ پیتا ہو تو ماں کو دودھ پلاتے رہنا چاہیے مگر زیادہ بار دودھ پلائیں۔ آپ اپنے بچے کو پہلے 12 گھنٹوں میں اورل ری ہائیڈریشن سولوشن بھی دے سکتے ہیں۔
    • اگر آپ بچے کو بوتل میں فارمولا دودھ دیتے ہیں تو زیادہ بار تھوڑی مقدار میں دودھ دینے کی کوشش کریں۔ اگر بچہ الٹی کر کے دودھ واپس نکال دیتا ہو تو اسے 12 گھنٹوں تک اورل ری ہائیڈریشن سولوشن دیں، پھر باقاعدہ وقفوں سے تھوڑا تھوڑا فارمولا دودھ دوبارہ شروع کر دیں۔ فارمولا دودھ کو عام حد تک گاڑھا ہونا چاہیے، پتلا کر کے نہ دیں۔
    • ہر بار بچے کو الٹی آنے کے بعد پینے کی کوئی چیز پیش کریں۔

    چھ ماہ سے تین سال عمر کے بچوں کی دیکھ بھال
    Caring for children between six months and three years

    • اگر بچہ ماں کا دودھ پیتا ہو تو ماں کو دودھ پلاتے رہنا چاہیے مگر زیادہ بار دودھ پلائیں۔ ہر بار بچے کو الٹی آنے کے بعد پینے کی کوئی چیز پیش کریں۔
    • جب بچے کو الٹیاں آ رہی ہوں تو اسے پانی یا اورل ری ہائیڈریشن سولوشن (لیکوئڈ یا آئسی پولز) میں ملا کر پتلا کیا ہوا سیب کا جوس تھوڑی تھوڑی مقدار میں دینے کی کوشش کریں جب تک کہ الٹیاں ٹھیک نہ ہو جائیں۔
    • آپ بچے کو فارمولا اور دوسرا دودھ دینا جاری رکھ سکتے ہیں۔ تاہم، جب بچے کو الٹیاں آ رہی ہوں تو جسم ان چیزوں کو اتنی آسانی سے جذب نہیں کر سکتا۔
    • گیس نکلی ہوئی لیمونیڈ، سپورٹس ڈرنکس اور فورٹیفائیڈ خوراک میں چینی زیادہ ہوتی ہے اور ان سے جسم میں پانی کی کمی مزید شدید ہو سکتی ہے۔ بچے کی بیماری کے دوران اسے یہ چیزیں نہ دیں۔
    • سب سے اہم یہ ہے کہ آپ بچے کو پینے کی چیزیں دیں۔ اگر بچہ جوس یا اورل ری ہائیڈریشن سولوشن نہ پینا چاہتا ہو تو آپ سے باقاعدہ وقفوں سے آئسی پولز دینے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
    • ہر بار بچے کو الٹی آنے کے بعد پینے کی کوئی چیز پیش کریں۔
    • اگر بچہ بہت چھوٹا ہو اور کچھ پینے پر آمادہ نہ ہو تو آپ اسے دوائی کی طرح سرنج سے کوئی پینے کی چیز دینے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

    بڑے بچوں کی دیکھ بھال
    Caring for older children

    • بچے کو بار بار تھوڑی مقدار میں پینے کی چیزیں دیں – ہر 5 سے 15 منٹ بعد چند گھونٹ۔
    • اگر بچہ پانی نہ پینا چاہتا ہو تو آپ اورل ری ہائیڈریشن سولوشن دینے کی کوشش کر سکتے ہیں لیکن کچھ بچے اس کا نمکین ذائقہ پسند نہیں کرتے۔ اس کی بجائے بچے کوعام آئسی پول یا پانی سے پتلا کیا ہوا سیب کا جوس دینے کی کوشش کریں۔
    • اگر بچے کو درد ہو تو پیراسیٹامول سے فائدہ ہو سکتا ہے۔ بچے کو اسپرین نہ دیں۔

    ڈاکٹر کی نگہداشت ضروری ہونے کی نشانیاں
    Signs to seek medical care

    اگر آپ بچے کو پانی دینے کی ہر کوشش کر چکے ہوں مگر اس کے جسم میں پانی کی کمی کے آثار ہوں تو ہسپتال میں بچے کی دیکھ بھال ضروری ہو سکتی ہے۔ اس دیکھ بھال میں ناک سے معدے تک جانے والی ٹیوب یا IV ڈرپ کے ذریعے مائع دینا شامل ہو سکتا ہے۔

    اگر بچے میں مندرجہ ذیل علامات میں سے کوئی علامت ظاہر ہو تو بہتر ہے کہ ڈاکٹر سے بات کی جائے:

    • اس کے پیٹ میں مسلسل درد ہو (وقفے وقفے سے درد نہ ہو)
    • اس کے پیٹ میں شدید درد ہو
    • جسم میں نیچے دائیں طرف مسلسل درد ہو
    • بچہ ہلنا جلنا یا چلنا نہ چاہتا ہو
    • بچے کو مسلسل الٹیاں آ رہی ہوں لیکن دست نہ ہوں
    • بچے کو خاکی سبز رنگ کی الٹی آئے

    کیا گیسٹرو متعدی ہے؟
    Is gastro contagious

    گیسٹرو بہت متعدی ہے۔ یہ متاثرہ شخص کی الٹی یا پاخانے سے چھو جانے سے پھیلتا ہے مثال کے طور پر، ذرا ہی دیر پہلے الٹی یا دست کرنے والے انسان کو چھونے سے، آلودہ کھانے یا پینے کی چیزوں میں شریک ہونے سے یا آلودہ کھلونوں اور دوسری چیزوں کو چھونے سے۔ متاثرہ شخص کے الٹی کرنے پر گیسٹرو ہوا کے ذریعے بھی پھیل سکتا ہے۔

    گیسٹرو کے پھیلاؤ کو روکنا
    Stopping the spread of gastro

    اچھا حفظان صحت گیسٹرو کا پھیلاؤ کم کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ اگر آپ کے بچے کو گیسٹرو ہے تو یہ باتیں یاد رکھیں:

    • اپنے ہاتھوں کو صابن یا الکحل ہینڈ سینیٹائزر سے اچھی طرح دھوئیں – خاص طور پر اپنے بچے کو چھونے، خوراک دینے اور نیپی بدلنے سے پہلے اور بعد میں۔
    • کھلونوں، کپڑوں اور بستر کی چادروں غلافوں وغیرہ کو باقاعدگی سے دھوئیں اور/یا جراثیم سے پاک کریں۔
    • ان سطحوں کو صاف کریں جنہیں مریض اور دوسرے لوگ ہاتھ لگاتے ہیں جیسے میزیں اور دروازوں کے ہینڈلز۔
    • اپنے گھر کے دوسرے افراد کو اپنے بیمار بچے کے ساتھ مل کر چیزیں استعمال کرنے سے روکیں۔

    الٹی یا پاخانہ صاف کرتے ہوئے دستانے اور ماسک پہننا اچھا ہوگا۔ ڈسپوزیبل صفائی کی مصنوعات جیسے پیپر ٹاول استعمال کریں اور انہیں ایک تھیلی میں بند کر کے کوڑے میں ڈالیں۔

    مدد کب طلب کی جائے
    When to get help

    اس صورت میں ایمبولنس (000) کو کال کریں کہ:

    • بچہ بے ہوش ہو، بہت سست ہو (کم توانائی) یا اس کا جاگنا مشکل ہو۔

    اس صورت میں ہسپتال جائیں کہ:

    • مشروبات بچے کے پیٹ میں نہ ٹھہرتے ہوں یعنی کچھ بھی پینے پر الٹی آ جاتی ہو اور اس کے جسم میں پانی کی کمی کی کئی علامات موجود ہوں جیسے کم گیلے نیپیز یا اکثر ٹائلٹ نہ جانا، گہرا پیلا یا بھورا پیشاب، خشک ہونٹ اور منہ، یا توازن کی خرابی یا چکر آنا۔
    • بچے کو خاکی سبز الٹی آئے (پیلی الٹی آنا عام طور پر تشویش کی بات نہیں ہوتی)۔

    اس صورت میں ڈاکٹر یا ہیلتھ پروفیشنل کے پاس جائیں کہ:

    • بچے کی عمر چھ ماہ سے کم ہو اور اسے الٹیاں آ رہی ہوں یا بخار ہو۔
    • بچے کو الٹیاں آ رہی ہوں، دست لگے ہوئے ہوں اور وہ کافی مقدار میں پینے کی چیزیں نہ لے رہا ہو۔
    • بچے کو بہت زیادہ دست آ رہے ہوں (روزانہ 8 سے 10 بار پانی جیسا پاخانہ)۔
    • 10 دن گزرنے کے باوجود بچے کے دستوں میں بہتری نہ آئی ہو۔
    • بچے کے جسم میں پانی کی کمی کی علامات ہوں جیسے کم گیلے نیپیز یا کافی اکثر ٹائلٹ نہ جانا، گہرا پیلا یا بھورا پیشاب، خشک ہونٹ اور منہ، توازن ٹھیک نہ محسوس کرنا یا چکر آنا۔
    • بچے کے پیٹ میں مسلسل درد رہے جس میں وقفے نہ ہوں، درد بگڑ رہا ہو یا پیراسیٹامول سے بہتر نہ ہو۔
    • بچے کے پاخانے میں خون ہو۔
    • بچے کو یہ بیماری آسٹریلیا سے باہر لگی ہو۔

    اس صورت میں گھر پر ہی اپنے بچے کا خیال رکھیں اگر:

    • بچہ پینے کی چیزیں کافی مقدار میں لے رہا ہو اور اس کے جسم میں پانی مناسب ہو۔
    • بچہ چند دن کے اندر بہتر ہونا شروع ہو جائے۔

    گیسٹرو کے بارے میں عام سوالات
    Common questions about gastro

    میں پریشان ہوں کہ میں جو پینے کی چیزیں اپنے بچے کو دے رہا/رہی ہوں، ان سے اس کے دست اور خراب ہو رہے ہیں۔ کیا میں بچے کو پینے کی چیزیں کم دوں؟
    I am worried the fluids I am giving my child are making their diarrhoea worse. Should I give them less to drink

    چاہے لگتا ہو کہ بچے کو کچھ پینے پر ساتھ ہی الٹی آ جاتی ہے پھر بھی بچہ اس میں سے بہت سا مائع جذب کر لے گا۔ بچے کو پینے کے لیے کم از اتنی چیزیں دینا اہم ہے جتنا پانی اس کے جسم سے الٹیوں اور دستوں میں نکل رہا ہے۔

    کیا مجھے اس پر فکر کرنی چاہیے کہ گیسٹرو کے دوران میرا بچہ کچھ کھانا نہیں چاہتا؟
    Should I be worried that my child does not want to eat when they have gastro

    گیسٹرو کے شروع میں ممکن ہے کہ بچہ کھانے سے انکار کرے۔ اگر بچہ کافی مقدار میں پینے کی چیزیں لے رہا ہو تو یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ جب بچے کا دوبارہ کھانے کو جی چاہے تو اسے کھلائیں؛ یہ عام طور پر الٹیاں رکنے اور متلی دور ہو جانے کے بعد ہوتا ہے۔

    کیا گیسٹرو کے دور کے بعد ہم بچے کو دودھ اور دودھ کی مصنوعات دے سکتے ہیں؟
    Can my child have dairy after a bout of gastro

    زیادہ تر بچوں کو گیسٹرو کے بعد دودھ اور دودھ کی مصنوعات کو ہضم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔ کچھ بچے وقتی طور پر دودھ کی قدرتی شکر (لییکٹوز) کو ہضم کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔ اس سے پیٹ میں زیادہ ہوا بنتی ہے اور تیزابی دست لگ جاتے ہیں۔ اگر آپ اپنے بچے کے دودھ استعمال کرنے پر کوئی علامات دیکھیں تو آپ گیسٹرو کے بعد تقریباً تین ہفتوں کے لیے اسے دودھ اور دودھ کی مصنوعات دینا کم کر سکتے ہیں۔

    جب بچے کو گیسٹرو ہو تو مجھے اسے کیا کھلانا چاہیے؟
    What should I feed my child when they have gastro

    گیسٹرو کے دوران یا اس کے بعد بچوں کی خوراک کے لیے کوئی خاص پابندیاں نہیں ہیں۔ بہتر ہے کہ آپ اپنے بچے کی بھوک کے مطابق اسے کھلائیں۔ بعض اوقات چکنائی یا دودھ والی چیزوں کو بچہ دوسری چیزوں کے برابر ہضم نہیں کر پاتا لیکن آپ کو یہ چیزیں آزمانے پر ہی پتہ چلے گا۔ آنتوں میں کھانا پہنچے تو آنتیں جلد ٹھیک ہو جاتی ہیں۔

    گیسٹرو کے بعد میرا بچہ چائلڈ کیئر یا سکول میں کب واپس جا سکتا ہے؟
    When can my child go back to school or childcare after gastro

    جب بچے کی طبیعت بہتر ہو جائے اور اسے پچھلے 48 گھنٹوں میں دست یا الٹی نہ آئی ہو تو وہ سکول یا چائلڈ کیئر جا سکتا ہے۔ تاہم صحت یاب ہونے کے بعد اسے دو ہفتوں تک دوبارہ سوئمنگ نہیں شروع کرنی چاہیے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد مل سکے۔

    میرے بچے کے پاخانے میں خون ہے۔ کیا مجھے فکر کرنی چاہیے؟
    There is blood in my child’s poo. Should I be worried

    گیسٹرو کے ساتھ پاخانے میں خون آنا عام ہے۔ اگرچہ یہ دیکھنے میں ڈراؤنا لگتا ہے، یہ بالعموم پریشانی کی بات نہیں ہوتی۔ شاید آپ بچے کے ڈاکٹر سے فوڈ پوائزننگ پیدا کرنے والے جراثیم کا پتہ چلانے کے لیے پاخانے کے ٹیسٹ کے متعلق بات کرنا چاہیں۔ اس کا مقصد صحت عامہ کے مقاصد سے فوڈ پوائزننگ کے پھیلنے کا پتہ لگانا ہے۔

    ڈاکٹر کا خیال ہے کہ میرے بچے کو بیکٹیریل گیسٹرو ہے۔ کیا ہمیں اینٹی بائیوٹکس کی ضرورت ہے؟
    A doctor thinks my child has bacterial gastro. Do we need antibiotics

    اگرچہ بیکٹیریا کبھی کبھار گیسٹرو کا باعث بنتے ہیں، ڈاکٹر شاذ و نادر ہی اس کا علاج اینٹی بائیوٹکس سے کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ زیادہ تر بچے خود ہی بہتر ہو جائیں گے، اور اینٹی بائیوٹکس شدید پیچیدگیاں پیدا کر سکتی ہیں جیسے الرجی یا اینٹی بائیوٹکس سے وابستہ دست۔

    گیسٹرو کے بعد کب تک دست چلتے رہنا نارمل ہے؟
    How long is it normal for diarrhoea to last after gastro

    14 دن دست چلتے رہنے کے بعد بہتر ہے کہ آپ اپنے بچے کی حالت کے بارے میں ڈاکٹر سے بات کریں۔ پاخانے کے نمونے کا تجزیہ کروانا اچھا ہو سکتا ہے تاکہ کوئی غیر معمولی جراثیم موجود ہونے کی صورت میں پتہ چل جائے۔

    کیا آپ کو میرے بچے کا پاخانہ ٹیسٹ کرنے کی ضرورت ہے؟
    Do you need to test my child’s poo

    عام طور پر بچوں کے گیسٹرو میں پاخانے کا ٹیسٹ کرنا ضروری نہیں ہوتا۔ تقریباً تمام گیسٹرو کا علاج ایک ہی طرح کیا جاتا ہے اس لیے وجہ جاننے سے علاج میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ زیادہ تر کیسوں میں، پاخانے کا ٹیسٹ صرف تب کیا جاتا ہے جب اس میں خون ہو یا دست 14 دنوں سے زیادہ چلتے رہیں۔

    میرے بچے کو آسٹریلیا سے باہر ہوتے ہوئے گیسٹرو ہوا تھا۔ مجھے کیا کرنا چاہیے؟
    My child caught gastro while overseas. What do I do

    اگر آپ کے بچے کو آسٹریلیا سے باہر گیسٹرو ہوا تھا تو ڈاکٹر سے بات کریں۔ سفر کے دوران بیمار ہونے والے بچوں کی دیکھ بھال اور ٹیسٹنگ دوسرے بچوں سے کچھ مختلف ہوتی ہے۔

    مزید معلومات کے لیے
    For more information

    رائل چلڈرنز ہاسپٹل کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے مرتّب کیا۔ ہم RHC کے صارفین اور کیئررز کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔

    مئی 2025 میں نظر ثانی کی گئی

    براہ کرم ہمیشہ رجسٹرڈ اور حال میں پریکٹس کرتے ہوئے معالج سے تازہ ترین مشورہ حاصل کریں۔