Respiratory syncytial virus (Urdu) – نظام تنفّس کے خلیات میں وائرس

  • Respiratory syncytial (sin-city-al) virus (RSV) بچوں میں نظام تنفّس اور سانس کے انفیکشنوں کی سب سے عام وجہ ہے۔ یہ وائرس پھیپھڑوں اور سانس کی نالیوں میں انفیکشن پیدا کرتا ہے اور یہ نزلہ زکام کی عام ترین وجوہ میں سے ایک ہے۔

    RSV ہر عمر کے لوگوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ دو سال سے چھوٹے اکثر بچوں کو کبھی نہ کبھی RSV ہو چکا ہوتا ہے اورRSV کا بار بار ہونا ممکن ہے۔ حفظان صحت کی اچھی عادتوں سے آپ کے بچے کو یہ وائرس لگنے اور اس سے دوسروں تک یہ وائرس پہنچنے کا امکان کم ہو سکتا ہے۔

    RSV کے آثار اور علامات
    Signs and symptoms of RSV

    وائرس لگنے کے بعد ہو سکتا ہے کہ بچے کی علامات پانچ دن ٹھہر کر ہی ظاہر ہوں۔ بچوں میں RSV کی وجہ سے بالعموم زکام جیسی ہلکی تا درمیانی علامات ہوتی ہیں جو 8 سے 15 دن برقرار رہتی ہیں۔ اگر آپ کے بچے کو RSV ہو تو اس میں مندرجہ ذیل علامات میں سے کچھ یا تمام موجود ہو سکتی ہیں:

    • ناک بہنا
    • کھانسی
    • سانس لیتے ہوئے سیٹی جیسی آواز
    • بخار۔

    RSV ایک سال سے چھوٹے بچوں میں برانکیولائٹس (پھیپھڑوں کے انفیکشن) اور نمونیا کی ایک عام وجہ ہے۔ اگر آپ کے بچے کو دمہ ہو تو RSV کی وجہ سے دمے کی علامات شروع ہو سکتی ہیں۔

    گھر میں نگہداشت
    Care at home

    RSV کے اکثر کیس ہلکے ہوتے ہیں اور گھر میں آرام کرنے سے ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ اگر آپ کے بچے کو RSV ہو تو:

    • طبیعت خراب ہونے کی صورت میں اسے گھر میں رکھیں۔ اگر بچے کی طبیعت ٹھیک ہو اور اسے کھانسی اور چھینکیں نہ آ رہی ہوں تو وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں (کنڈرگارٹن، سکول وغیرہ) جاری رکھ سکتا ہے۔
    • بچے کو تھوڑی تھوڑی مقدار میں کثرت سے پینے کی چیزیں دیں۔ اگر شیرخوار بچے کو RSV ہو تو اسے باقاعدگی سے تھوڑی مقدار میں پینے کے لیے ماں کا دودھ، فارمولا دودھ یا پانی دیتے رہیں۔
    • اگر بچے کو بخار کی وجہ سے تکلیف ہو تو بخار کو سنبھالنے کے متعلق ہدایات کے لیے ہمارا معلوماتی پرچہ بچوں کا بخار دیکھیں۔  Fever in children  

    ڈاکٹر کو کب دکھایا جائے
    When to see a doctor

    ان صورتوں میں اپنے بچے کو جی پی کے پاس لے جائیں:

    • بچے کا درجۂ حرارت (بخار) زیادہ ہو اور اس کی حالت ٹھیک نہ لگتی ہو
    • بچے کی ناک میں مواد بھرا ہو اور اسے دودھ پینے میں مشکل ہو رہی ہو 
    • بچے کی کھانسی بگڑ جائے یا کھانسی میں بلغم آنے لگے
    • بچے کے جسم میں پانی کی کمی ہو
    • وہ شیرخوار بچہ ہواور ماں کا دودھ یا بوتل سے دودھ پینے پر آمادہ نہ ہو اور بے چین یا روتا ہو۔

    اگر بچے کی رنگت نیلی پڑ رہی ہو، اسے سانس لینے میں مشکل ہو یا سانس بہت تیز چل رہا ہو تو ایمبولینس کو فون کریں یا اپنے قریب ترین ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں جائیں۔

    ممکن ہے ڈاکٹر بچے کو دیکھنے کے بعد اگلے روز پھر اس کی حالت کا جائزہ لینے کے لیے بلائے۔ ان صورتوں میں بچے کو اگلے روز سے پہلے ہی دوبارہ ڈاکٹر کے پاس لے جائیں:

    • بچے کو سانس لینے میں زیادہ مشکل ہونے لگے یا سانس زیادہ تیز چلنے لگے
    • بچے کی حالت زیادہ خراب نظر آ رہی ہو
    • بچہ دودھ اور پانی وغیرہ کی معمول کی مقدار کے نصف سے کم لے رہا ہو
    • بچے کی کھانسی بگڑ رہی ہو۔

    RSV کیسے پھیلتا ہے؟
    How is RSV spread?

    RSV میں مبتلا بچوں میں علامات شروع ہونے کے بعد بالعموم 8 دن تک ان سے دوسروں کو انفیکشن لگ سکتا ہے (وائرس دوسروں تک پہنچ سکتا ہے)۔ RSV بہت متعدّی ہے اور سطحوں پر کئی گھنٹوں تک، اور ان دھلے ہاتھوں پر 30 سے 60 منٹ تک زندہ رہ سکتا ہے۔ RSV کھانسی، چھینکوں، دوسروں کے استعمال کیے ہوئے کپوں اور انفیکشن میں مبتلا بچے کے منہ، ناک یا آنکھوں سے چھونے والی دوسری چیزوں کے ذریعے بہت تیزی اور آسانی سے پھیلتا ہے۔   

    RSV کا پھیلاؤ روکنا مشکل ہو سکتا ہے؛ تاہم اچھے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنے سے سبھی طرح کے وائرس دوسروں تک پہنچنے سے بچاؤ ہو گا۔

    • بچوں کو پینے کی چیزوں، چھری کانٹے چمچ اور کھلونوں کے استعمال میں دوسروں کو شریک نہ کرنے دیں (جب بھی یہ ممکن ہو) اور خیال رکھیں کہ ہر بار استعمال سے پہلے ان چیزوں کو صابن اور پانی سے اچھی طرح صاف کیا جائے۔
    • بچے کو سکھائیں کہ وہ ٹشو پیپر میں کھانسے اور چھینکے اور پھر اسے پھینک دے۔
    • جراثیم کا پھیلاؤ روکنے کے لیے یہ بہت اہم ہے کہ ناک صاف کرنے کے بعد آپ اور/یا آپ کا بچہ ہاتھ دھوئے۔
    • زکام کی علامات رکھنے والے لوگوں سے واسطے کے بعد ہمیشہ اپنے ہاتھ دھوئیں۔

    اگر آپ کے بچے کو RSV ہو (یا زکام جیسی علامات ہوں) تو یہ اہم ہے کہ آپ اسے نوزائیدہ بچوں یا امیونوکمپرومائزڈ لوگوں (کمزور مدافعتی نظام رکھنے والوں) سے دور رکھیں۔

    یاد رکھنے کی باتیں
    Key points to remember

    • Respiratory syncytial virus (RSV) بچوں میں نظام تنفّس اور سانس کے انفیکشنوں کی سب سے عام وجہ ہے۔
    • RSV ایک سال سے چھوٹے بچوں میں برانکیولائٹس اور نمونیا کی ایک عام وجہ ہے۔
    • اگر بچے کی طبیعت ٹھیک ہو اور وہ کھانسی یا چھینکوں کے ذریعے وائرس نہ پھیلا رہا ہو تو وہ سکول جا سکتا ہے۔
    • RSV بہت متعدی ہے لہذا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اچھی حفظان صحت اہم ہے۔
    • انفیکشن میں مبتلا بچوں کو نوزائیدہ بچوں اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والوں سے دور رکھنے کی کوشش کریں۔

    مزید معلومات کے لیے
    For more information

    • Kids Health Info کا معلوماتی پرچہ: بچوں کا بخار Fever in children
    • Kids Health Info کا معلوماتی پرچہ: بچوں کے لیے درد کی دوائیاں  Pain relief for children 
    • Kids Health Info کا معلوماتی پرچہ: دمہ Asthma 
    • Kids Health Info کا معلوماتی پرچہ: برانکیولائٹس Bronchiolitis
    • Kids Health Info کا معلوماتی پرچہ: نمونیا Pneumonia
    • Kids Health Info کا معلوماتی پرچہ: جراثیم کا پھیلاؤ روکنا   Stopping the spread of germs
    • بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کا محکمہ (امریکی): Respiratory Syncytial Virus Infection (RSV) Respiratory Syncytial Virus Infection (RSV)
    • اپنے جی پی سے ملیں۔

    ڈاکٹروں سے پوچھے جانے والے عام سوالات
    Common questions our doctors are asked

    زکام اور RSV میں کیا فرق ہے؟   

    RSV ان کئی وائرسوں میں سے ایک ہے جو زکام کا سبب بنتے ہیں اور یہ جاننا مشکل ہو سکتا ہے کہ آپ کے بچے کو کونسا وائرس ہے۔ وائرس کا نام نہ جاننے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ علاج ایک ہی ہے - یعنی بہت سا آرام اور زیادہ پینے کی چیزیں، لیکن اینٹی بائیوٹکس نہیں دی جاتیں کیونکہ وائرسوں پر اینٹی بائیوٹکس کا اثر نہیں ہوتا۔ تاہم RSV کی وجہ سے بچوں کو برانکیولائٹس (پھیپھڑوں کا انفیکشن) اور نمونیا سمیت دوسرے مسائل پیش آ سکتے ہیں۔ یہ پہلے سے موجود مسائل، جیسے دمے، کی شدت بھی بڑھا سکتا ہے۔

    کیا RSV کی روک تھام کے لیے کوئی ویکسین ہے؟   

    فی الحال RSV کی روک تھام کرنے والی کوئی ویکسین نہیں ہے۔ تاہم محققین ویکیسنز اور اینٹی وائرل علاج بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ شیرخوار بچوں اور چھوٹے بچوں کے ساتھ ساتھ حاملہ خواتین کو بھی شدید RSV انفیکشن سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اگر آپ کے بچے کو ایک ہی موسم میں دو بار RSV ہو جائے تو دوسری بار ان کی بیماری پہلی بار کی نسبت ہلکی ہونے کا امکان ہے۔   


    رائل چلڈرنز ہاسپٹل کا مرتبّہ۔ ہم RCH کے صارفین اور ان کے کیئررز کے تبصروں کے شکرگزار ہیں۔

    اگست 2023 میں نظر ثانی کی گئی۔

    Kids Health Info کو رائل چلڈرنز ہاسپٹل فاؤنڈیشن کا تعاون حاصل ہے۔ عطیات دینے کے لیے www.rchfoundation.org.auدیکھیں۔

    دستبرداری

    ان معلومات کا مقصد ڈاکٹر یا ماہر صحت کے ساتھ آپ کی بات چیت میں مدد دینا ہے نہ کہ اس بات چیت کی جگہ لینا۔ صارفین کے لیے صحت کے متعلق ان معلوماتی ہینڈ آؤٹس کو تحریر کرنے والوں نے یہ یقینی بنانے کے لیے بہت محنت کی ہے کہ یہ معلومات درست، تازہ اور سمجھنے میں آسان ہوں۔ رائل چلڈرنز ہاسپٹل میلبرن ان ہینڈ آؤٹس میں غلطیوں، معلومات کو گمراہ کن سمجھے جانے یا ان میں بتائے گئے کسی علاج کی کامیابی کے حوالے سے کوئی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔ ان ہینڈ آؤٹس میں دی گئی معلومات کو باقاعدگی سے تازہ کیا جاتا ہے لہذا آپ کو ہمیشہ یہ دیکھ لینا چاہیے کہ آپ ہینڈ آؤٹ کی تازہ ترین ورژن پڑھ رہے ہیں۔ ان معلومات کا مقصد ڈاکٹر یا ماہر صحت کے ساتھ آپ کی بات چیت میں مدد دینا ہے نہ کہ اس بات چیت کی جگہ لینا۔