Asthma – use of spacers (Urdu) – دمہ - سپیسرز کا استعمال

  • دمے کی اکثر دوائیاں لینے کا بہترین طریقہ انہیں سانس کے ساتھ اندر لے جانا (انہیلیشن) ہے۔ بچے کو پفر اور سپیسر سے دمے کی دوائی دینے سے بھی دمے کی علامات میں اتنا ہی فائدہ ہوتا ہے جتنا نیبولائزرز کے استعمال سے ہوتا ہے، نیبولائزرز وہ مشینیں ہیں جنہیں اکثر ہسپتالوں اور ایمبولینس میں دمے کی دوائی دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

    پفر اور سپیسر استعمال کرتے ہوئے مندرجہ ذیل باتیں یاد رکھنا اہم ہے:

    • صرف پفر کی بجائے پفر اور سپیسر کو اکٹھا استعمال کرنا بہتر ہے کیونکہ انہیں اکٹھے استعمال کرنے سے زیادہ دوائی پھیپھڑوں میں پہنچتی ہے جہاں اس کی ضرورت ہوتی ہے۔
    • ہسپتال میں دیے جانے والے پفس کی تعداد عام طور پر گھر میں دیے جانے والے پفس سے زیادہ ہوتی ہے۔
    • دوائی کا اثر ہونے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اور آپ کے بچے کو پفر اور سپیسر کے درست استعمال کا طریقہ معلوم ہو۔ یہ یقینی بنائیں کہ سپیسر کی ضرورت پڑنے سے پہلے ہی آپ کو اس کا استعمال دکھا کر سمجھایا گیا ہو اور آپ نے خود مشق کر لی ہو اور سمجھ لیا ہو۔
    • آپ اور آپ کے بچے کو معلوم ہونا ضروری ہے کہ سپیسر کی دیکھ بھال کیسے کی جاتی ہے۔

    سپیسر کو ماؤتھ پیس کے ساتھ یا چھوٹے بچوں اور شیرخوار بچوں کے لیے فیس ماسک کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔

    سپیسر کا استعمال
    Using a spacer

    Asthma use of spacers

    • 1۔ سپیسر کے ساتھ ملنے والی ہدایات کے مطابق سپیسر کو جوڑیں۔ اگر ضرورت ہو تو آپ کا فارماسسٹ نیچے بتائے گئے طریقے سے اس کام میں مدد کر سکتا ہے۔
    • 2۔ پفر کا حفاظتی ڈھکن اتاریں۔
    • 3۔ پفر کو اچھی طرح ہلائیں اور چند بار دبا کر اسے پرائم کریں حتی کہ اس میں سے بخارات نکل آئیں۔
    • 4۔ پفر کو مضبوطی سے سپیسر کے آخری حصے میں جوڑیں۔
    • 5۔ چھوٹے بچوں کے لیے، بچے کے چہرے پر ماسک لگائیں اور یہ یقینی بنائیں کہ ماسک اس کے منہ اور ناک کو ڈھکتا ہو۔ ماسک کو بچے کی جلد پر اچھی طرح لگانے کی کوشش کریں تاکہ ہوا بالکل داخل نہ ہو سکے۔
      یا، بڑے بچوں کے لیے:
      اگر بچہ ماسک کے بغیر سپیسر استعمال کر سکتا ہے تو اسے سپیسر کا ماؤتھ پیس اپنے منہ میں، دانتوں کے درمیان، رکھنا چاہیے اور پھر سپیسر کے ماؤتھ پیس کو ہونٹوں سے دبا لینا چاہیے۔ یہ یقینی بنائیں کہ ہونٹ پورے ماؤتھ پیس کو اچھی طرح بند کیے ہوئے ہوں یعنی کہیں خلا نہ ہو۔  
    • 6۔ بچے کو سیدھا بیٹھنے اور آرام سے سانس چھوڑنے کے لیے کہیں۔ سپیسر اور پفر کو سیدھا رکھیں تاکہ یہ نہ تو اوپر کو اٹھے ہوں اور نہ ہی نیچے رخ رکھتے ہوں۔
    • 7۔ پفر کو ایک بار دبا کر دوائی کی ڈوز سپیسر میں پہنچائیں۔ پفر کو ہٹائیں نہیں۔
    • 8۔ بچے کو چار بار سانس اندر کھینچنے اور چھوڑنے دیں۔ اس کا مطلب عام طور پر یہ ہوتا ہے کہ سپیسر کو تقریباً 15 سے 20 سیکنڈ تک اسی پوزیشن میں رکھا جائے۔ ہر بار سانس لینے کے بعد ماسک کو ہٹائیں نہیں - اس میں ایک دوطرفہ والو سسٹم ہوتا ہے جو دوائی کو چیمبر سے نکلنے نہیں دے گا۔ ہر سانس کے ساتھ یہ والو ایک کلک کی آواز پیدا کر سکتا ہے۔

    اگر مزید پفس کی ضرورت ہو تو پفر کو دوبارہ ہلائیں اور ہدایت نمبر 4 سے7 دوہرایئں۔ آپ پفر کو تب بھی ہلا سکتے ہیں جب یہ سپیسر میں لگا ہوا ہو۔

    5 سال اور اس سے کم عمر کے اکثر بچوں کو ایک وقت میں Ventolin کے 2 تا 6 پفس کی ضرورت ہو گی اور چھ سال اور اس سے زیادہ عمر کے اکثر بچوں کو ایک وقت میں Ventolin کے 12 تک پفس کی ضرورت ہو گی۔

    سپیسر کی دیکھ بھال
    Caring for your spacer

    سپیسر کو ہفتے میں ایک بار صاف کرنا چاہیے۔

    سپیسر کے حصے الگ کر کے گرم پانی میں دھوئیں جس میں تھوڑا سا برتن دھونے کا ڈیٹرجنٹ یا ہلکا صابن شامل ہو۔

    سپیسر کو کھنگالیں نہیں۔ صابن ملے پانی کا صابن سپیسر کی اندرونی لائننگ میں باقی رہنا اہم ہے تاکہ سپیسر میں سٹیٹک بجلی کم سے کم بنے۔ سٹیٹک بجلی کی وجہ سے دوائی سپیسر کی دیواروں میں بند رہ جاتی ہے اور بچے کے پھیپھڑوں میں داخل نہیں ہو پاتی۔

    سپیسر کو پڑے پڑے خشک ہونے دیں۔ سپیسر کو باورچی خانے کی صافی یا کچن پیپر سے پونچھ کر خشک نہ کریں - اسے ہوا میں ہی خشک ہونے دیں۔ اسے رات بھر خشک ہونے کے لیے چھوڑا جا سکتا ہے۔

    سپیسر کو واپس جوڑیں۔

    اپنے بچے کا سپیسر کسی اور کو استعمال نہ کرنے دیں۔

    جس سپیسر میں الگ کیے جا سکنے والے والوز ہوں (جیسے Breath-A-Tech)، اسے واپس جوڑتے ہوئے خیال رکھیں کہ والو کے چاروں سوراخ لوکیشن پیگز پر صحیح بیٹھیں۔ آپ اپنی مقامی فارمیسی سے زائد والوز خرید سکتے ہیں۔ ہر سال سپیسر بدلنا چاہیے۔ آپ کا فارماسسٹ آپ کے سپیسر کے لیے درست ٹیکنیک اور اس کی حفاظت کے متعلق سوالات کا جواب دے سکتا ہے۔

    یاد رکھنے کی باتیں
    Key points to remember

    دوائی کا اثر ہونے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اور آپ کے بچے کو پفر اور سپیسر کے درست استعمال کا طریقہ معلوم ہو۔

    آپ اور آپ کے بچے کو معلوم ہونا ضروری ہے کہ سپیسر کی دیکھ بھال کیسے کی جاتی ہے۔

    سپیسر کو ہفتے میں ایک بار صاف کرنا چاہیے۔ سپیسر کو کھنگالنا نہیں چاہیے اور نہ ہی پونچھ کر خشک کرنا چاہیے۔

    اپنے بچے کا سپیسر کسی اور کو استعمال نہ کرنے دیں۔

    مزید معلومات کے لیے
    For more information

    Kids Health Info کا معلوماتی پرچہ: دمہ Asthma

    Kids Health Info کا معلوماتی پرچہ: دمہ - وڈیوز Asthma - videos

    National Asthma Council Australia

    Asthma Australia

    رائل چلڈرنز ہاسپٹل کا مرتبّہ۔ ہم RCH کے صارفین اور ان کے کیئررز کے تبصروں کے شکرگزار ہیں۔

    اگست 2023 میں نظر ثانی کی گئی۔

    Kids Health Info کو رائل چلڈرنز ہاسپٹل فاؤنڈیشن کا تعاون حاصل ہے۔ عطیات دینے کے لیے www.rchfoundation.org.auدیکھیں۔

    دستبرداری

    ان معلومات کا مقصد ڈاکٹر یا ماہر صحت کے ساتھ آپ کی بات چیت میں مدد دینا ہے نہ کہ اس بات چیت کی جگہ لینا۔ صارفین کے لیے صحت کے متعلق ان معلوماتی ہینڈ آؤٹس کو تحریر کرنے والوں نے یہ یقینی بنانے کے لیے بہت محنت کی ہے کہ یہ معلومات درست، تازہ اور سمجھنے میں آسان ہوں۔ رائل چلڈرنز ہاسپٹل میلبرن ان ہینڈ آؤٹس میں غلطیوں، معلومات کو گمراہ کن سمجھے جانے یا ان میں بتائے گئے کسی علاج کی کامیابی کے حوالے سے کوئی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔ ان ہینڈ آؤٹس میں دی گئی معلومات کو باقاعدگی سے تازہ کیا جاتا ہے لہذا آپ کو ہمیشہ یہ دیکھ لینا چاہیے کہ آپ ہینڈ آؤٹ کی تازہ ترین ورژن پڑھ رہے ہیں۔ ان معلومات کا مقصد ڈاکٹر یا ماہر صحت کے ساتھ آپ کی بات چیت میں مدد دینا ہے نہ کہ اس بات چیت کی جگہ لینا۔