Gastroenteritis (Urdu) – گیسٹرو یعنی آنتوں کا انفیکشن

  • Gastroenteritis (گیسٹرو) آنتوں کا انفیکشن ہے جو دستوں (پتلا، پانی والا پاخانہ) اور کبھی کبھار الٹیوں کا سبب بنتا ہے۔ الٹیاں جلد ٹھیک ہو سکتی ہیں لیکن دست 10 دن تک جاری رہ سکتے ہیں۔

    گیسٹرو کئی مختلف جراثیم کی وجہ سے ہو سکتا ہے اگرچہ گیسٹرو کی سب سے عام وجہ ایک وائرس کا انفیکشن ہے۔ اکثر بچوں کو گیسٹرو کے لیے کوئی دوائی لینے کی ضرورت نہیں ہوتی تاہم ان کا وافر پانی اور مشروبات پینا اہم ہے تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو جائے۔

    گیسٹرو آسانی سے پھیلتا ہے اور یہ شیرخوار اور چھوٹے بچوں میں زیادہ عام اور زیادہ شدید ہوتا ہے۔ چھ ماہ سے کم عمر کے بچے بہت آسانی سے پانی کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں اور انہیں گیسٹرو ہونے کی صورت میں جی پی سے معائنہ کروانا ضروری ہے۔

    گیسٹرو کے آثار اور علامات
    Signs and symptoms of gastro

    اگر بچے کو گیسٹرو ہو تو ممکن ہے:

    • بچے کی طبیعت خراب ہو اور وہ کھانا پینا نہ چاہے
    • بچہ پہلے 24 تا 48 گھنٹوں میں الٹیاں کرے (عام طور پر دست شروع ہونے سے پہلے)
    • بچے کو دست لگ جائیں جو 10 دن تک جاری رہ سکتے ہیں
    • بچے کے پیٹ میں درد ہو
    • بچے کو بخار ہو۔

    گھر میں نگہداشت
    Care at home

    علاج بنیادی طور پر یہ ہے کہ بچہ پانی، اورل ری ہائیڈریشن سولوشن (فارمیسی پر ملنے والے نمکیات جو پانی میں حل کیے جاتے ہیں)، ماں کا دودھ یا فارمولا دودھ جیسی پینے کی چیزیں کثرت سے لیتا رہے۔ یہ بہت اہم ہے کہ الٹیوں اور دستوں کی وجہ سے جسم میں ہونے والی پانی کی کمی کو پورا کیا جائے۔

    Gastrolyte، HYDRAlyte، Pedialyte اور Repalyte اورل ری ہائیڈریشن مائع کی مختلف قسمیں ہیں جنہیں پانی اور جسمانی نمکیات کی کمی پوری کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ icy poles کی شکل میں بھی ملتے ہیں اور بچے اکثر خوشی سے انہیں لیتے ہیں۔

    اگر آپ کا بچہ پانی یا اورل ری ہائیڈریشن مائع پینے سے انکار کر رہا ہو تو سیب کے جوس میں پانی ملا کر دینے کی کوشش کریں۔ زیادہ چینی والے مشروبات (جیسے گیس کے بغیر لیمونیڈ یا سپورٹس ڈرنکس) نہ دیں کیونکہ ان سے جسم میں پانی کی کمی اور شدید ہو جائے گی۔ آپ بچے کو معمول کا دودھ دے سکتے ہیں تاہم گیسٹرو کی صورت میں کچھ بچوں کا دودھ پینے کو جی نہیں چاہتا۔

    اگر بچے کی الٹیوں میں بہت زیادہ پانی نکل رہا ہو تو اسے بہت کثرت سے (ہر 10 سے 15 منٹ بعد) کم مقدار میں پینے کی چیزیں دینے کی کوشش کریں۔ ممکن ہے بچہ گیسٹرو بیماری کے آغاز میں کھانے سے انکار کرے۔ عام طور پر اس وجہ سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا بشرطیکہ وہ پانی اور دوسری چیزیں پی رہا ہو۔

    بچے کو الٹیوں اور دستوں کی وہ دوائیاں نہ دیں جو نسخے کے بغیر مل جاتی ہیں کیونکہ یہ دوائیاں بچوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں۔

    گیسٹرو میں مبتلا بچوں سے عام طور پر دوسروں کو انفیکشن لگ سکتا ہے لہذا بچے کے ساتھ واسطے کے بعد اپنے ہاتھ اچھی طرح دھوئیں، خاص طور پر دودھ/کھانا دینے سے پہلے اور نیپی بدلنے کے بعد۔ دست رک جانے تک حتی الوسع اپنے بچے کو دوسرے بچوں سے دور رکھیں۔

    ڈاکٹر کو کب دکھایا جائے
    When to see a doctor

    چھ ماہ سے کم عمر کے بچوں کو گیسٹرو ہونے کی صورت میں ہمیشہ جی پی کے پاس معائنے کے لیے لے جانا چاہیے کیونکہ ان کے لیے جسم میں پانی کی کمی کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔

    گیسٹرو میں مبتلا سب بچوں کو ان صورتوں میں جی پی کے پاس جانا چاہیے:

    • الٹیاں آ رہی ہوں، دست چل رہے ہوں اور بچہ کچھ پیتا نہ ہو
    • بہت زیادہ دست آئیں (دن میں 8 سے 10 پانی والے دست یا 2 سے 3 بار بڑی مقدار میں پاخانہ) یا اگر 10 دن بعد دست بہتر نہ ہوں
    • کثرت سے الٹیاں آ رہی ہوں اور بچے کے پیٹ میں پینے کی چیزیں ٹھہرتی نہ ہوں
    • بچہ جسم میں پانی کی کمی کی علامات ظاہر کر رہا ہو جیسے کم نیپی گیلے کرنا یا ٹائلٹ بہت کم جانا، گہرے پیلے یا براؤن رنگ کا پیشاب، توازن میں خرابی یا چکر آنا، ہونٹ اور منہ خشک
    • پیٹ میں بہت درد ہو
    • پاخانے میں خون ہو
    • سبز رنگ کی الٹی آئے
    • آپ کو کسی اور وجہ سے بچے کی فکر ہو رہی ہو۔

    اگر بچے کے جسم میں پانی کی شدید کمی ہو اور پینے کی چیزیں اس کے پیٹ میں ٹھہرتی نہ ہوں تو اسے ہسپتال میں داخل کرنا ضروری ہو سکتا ہے تاکہ ناک میں ٹیوب (nasogastric tube) ڈال کر معدے میں مائع پہنچایا جائے یا ڈرپ کے ذریعے براہ راست ورید میں مائع داخل کیا جائے (انٹراوینس یا IV تھراپی)۔

    یاد رکھنے کی باتیں
    Key points to remember

    • چھ ماہ سے کم عمر کے بچے بہت آسانی سے پانی کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں اور جی پی سے معائنہ کروانا ضروری ہے۔
    • شیر خوار بچوں کو ہر الٹی کے بعد پینے کے لیے کچھ دیں۔ ماں کا دودھ پلانا جاری رکھیں۔ اگر بچہ بوتل میں دودھ پیتا ہو تو پہلے 12 گھنٹوں میں اورل ری ہائیڈریشن سولوشن دیں۔
    • بچوں کو کثرت سے، کم مقدار میں پینے کی چیزیں دیں۔
    • آپ کے بے بی یا بچے سے دوسروں کو انفیکشن لگ سکتا ہے لہذا باقاعدگی سے اپنے ہاتھ اچھی طرح دھوتے رہیں، بالخصوص کھلانے/دودھ پلانے سے پہلے اور نیپی بدلنے کے بعد۔
    • اگر بچے کے جسم میں پانی کی کمی ہو رہی ہو، پیٹ میں بہت درد ہو یا اگر آپ کو فکر ہو تو اسے ڈاکٹر کے پاس لے جائیں۔

    مزید معلومات کے لیے
    For more information

    ڈاکٹروں سے پوچھے جانے والے عام سوالات
    Common questions our doctors are asked

    مجھے فکر ہے کہ میں اپنی بچی کو جو پینے کی چیزیں دے رہی ہوں، ان سے دستوں میں شدت آ رہی ہے۔ کیا مجھے اسے پینے کی چیزیں کم دینی چاہیئں؟

    پینے کی چیزیں دیتے رہنا بہت اہم ہے، چاہے دستوں میں شدت آتی ہوئی لگے۔ جسم میں پانی کی کمی سے بچاؤ کے لیے یہ اہم ہے کہ دستوں یا الٹیوں سے ضائع ہونے والے پانی کو پورا کیا جائے۔

    کیا مجھے فکر کرنی چاہیے کہ میرا بچہ گیسٹرو بیماری کے دوران کھانا نہیں کھانا چاہتا؟

    گیسٹرو بیماری کے آغاز میں ممکن ہے کہ بچہ کھانے سے انکار کر دے۔ عام طور پر اس وجہ سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا بشرطیکہ وہ پانی اور دوسری چیزیں پی رہا ہو۔ جب بچے کو دوبارہ بھوک لگنی شروع ہو جائے تو اسے وہ چیز دیں جس کے لیے اس کا دل چاہتا ہو۔

    کیا گیسٹرو کے دور کے بعد میں بچے کو دودھ اور دودھ کی مصنوعات دے سکتی ہوں؟

    کئی بچوں کو گیسٹرو کے دور کے بعد کچھ وقت کے لیے دودھ اور دودھ کی مصنوعات راس نہیں آتیں۔ اگر ایسا ہو تو آپ گیسٹرو کے بعد دو ہفتوں تک اس کی خوراک میں دودھ اور دودھ کی مصنوعات کم کر سکتے ہیں۔ اگر علامات اس کے بعد بھی چلتی رہیں تو بچے کو اپنے جی پی کے پاس لے جائیں۔


    رائل چلڈرنز ہاسپٹل کا مرتبّہ۔ ہم RCH کے صارفین اور ان کے کیئررز کے تبصروں کے شکرگزار ہیں۔

    اگست 2023 میں نظر ثانی کی گئی۔

    Kids Health Info کو رائل چلڈرنز ہاسپٹل فاؤنڈیشن کا تعاون حاصل ہے۔ عطیات دینے کے لیے www.rchfoundation.org.auدیکھیں۔

    دستبرداری

    ان معلومات کا مقصد ڈاکٹر یا ماہر صحت کے ساتھ آپ کی بات چیت میں مدد دینا ہے نہ کہ اس بات چیت کی جگہ لینا۔ صارفین کے لیے صحت کے متعلق ان معلوماتی ہینڈ آؤٹس کو تحریر کرنے والوں نے یہ یقینی بنانے کے لیے بہت محنت کی ہے کہ یہ معلومات درست، تازہ اور سمجھنے میں آسان ہوں۔ رائل چلڈرنز ہاسپٹل میلبرن ان ہینڈ آؤٹس میں غلطیوں، معلومات کو گمراہ کن سمجھے جانے یا ان میں بتائے گئے کسی علاج کی کامیابی کے حوالے سے کوئی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔ ان ہینڈ آؤٹس میں دی گئی معلومات کو باقاعدگی سے تازہ کیا جاتا ہے لہذا آپ کو ہمیشہ یہ دیکھ لینا چاہیے کہ آپ ہینڈ آؤٹ کی تازہ ترین ورژن پڑھ رہے ہیں۔ ان معلومات کا مقصد ڈاکٹر یا ماہر صحت کے ساتھ آپ کی بات چیت میں مدد دینا ہے نہ کہ اس بات چیت کی جگہ لینا۔